(ملتان )وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ملتوی شدہ امتحانات کا دوسرا مرحلہ ( مارکنگ ) شروع۔
افتتاحی اجلاس وتقریب سے ناظم اعلی وفاق المدارس العربیہ پاکستان حضرت مولانا قاری محمد حنیف جالندھری صاحب (مدظلہ العالی) کا خطاب۔
تفصیلات کے مطابق دینی مدارس کے سب سے بڑے امتحانی بورڈ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ملتوی
شدہ امتحانات کے گزشتہ ہفتے پرامن اور شاندار طریقے سے انعقاد کے بعد حسب روایت جامعہ خیر المدارس ملتان اور جامعہ قاسم العلوم ملتان میں مارکنگ کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ اسی سلسلے میں امتحانی کمیٹی اور ممتحنین اعلی کا پہلاافتتاحی مشترکہ اجلاس ناظم اعلی وفاق المدارس العربیہ پاکستان حضرت مولانا قاری محمد حنیف جالندھری صاحب مدظلہ العالی کی صدارت میں جامعہ خیرالمدارس ملتان میں بعد از نماز مغرب منعقد ہوا۔آپ نےکلمات تشکر کے بعد فرمایاکہ اللہ تعالی کے خصوصی فضل وکرم اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جملہ ذمہ داران کی کوششوں سے بحسن وخوبی اور خیر وعافیت کے ساتھ امتحانات کا انعقاد ہوا ۔جس میں درس نظامی کے مجموعی اعتبار سے تین لاکھ 16 ہزار 26 طلبہ وطالبات نے شرکت کی۔ جبکہ 78ہزار کامل الحفظ طلبہ وطالبات اس کے علاوہ ہیں۔ ان معروضی حالات میں اتنے بڑے پیمانے پرملک بھر میں بیک وقت امتحانات کا انعقاد کئی وجوہ سے مشکل ضرور تھا۔ کیونکہ ہمارے علاوہ پورے ملک میں کسی بھی تعلیمی بورڈز اور عصری تعلیمی اداروں کو یہ حوصلہ نہیں رہاکہ وہ امتحانات کا انعقاد کرسکیں۔ لیکن اللہ تعالی کے خصوصی فضل وکرم ، اکابرین کی دعاوں اور توجہات اور ہمارے جملہ صوبائی ناظمین، اراکین مجلس عاملہ و امتحانی کمیٹی ، مسئولین بالخصوص ناظم دفتر وفاق حضرت مولانا عبدالمجید صاحب اور ان کے جملہ رفقائے کار کی انتھک اور شبانہ روز محنتوں کی وجہ سے ہم نے سخت حالات میں نہ صرف امتحانات کا انعقاد کروایا بلکہ اللہ تعالی نے حالیہ امتحانات کی وجہ سے ہمیں عزت بخشی ۔اندرون ملک وبیرون سے ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادکی طرف سے ہمیں مبارکبادی کے پیغامات موصول ہورہے ہیں ۔ جس پر ہم سب اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں۔اب چونکہ دوسرا اور اہم ترین مرحلہ ( مارکنگ ) شروع ہورہا ہے جس کی کامیابی کا زیادہ تر دارومدار ممتحنین اعلی پر ہے کیونکہ وہ اپنے متعلقہ ممتحنین کے براہ راست نگران ہوتے ہیں۔لہذا مجھے امید ہے کہ امتحانی کمیٹی ، ممتحنین اعلی ، دفتری عملہ اور جامعہ خیرالمدارس کی انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں سے اللہ تعالی ہمیں اس مرحلے میں بھی کامیابی سے ہمکنار فرمائیں گے ۔
درایں اثنا انہوں نے ممتحنین اعلی کو مارکنگ کے طریقہ کار اور اصول سے مفصل طور پر آگاہ کردیا اور اس حوالے سے خصوصی ہدایات دیں۔
جب کہ مارکنگ کے عمل میں مصروف عمل تمام اساتذہ، دفتری عملہ اور دیگر متعلقین کو کرونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر (ایس اوپیز) پر مکمل عملدرآمد کے حوالے سے بھی خصوصی تاکید کی۔
جاری کردہ : سراج الحسن میڈیا کوآرڈینیٹر وفاق المدارس صوبہ خیبر پختونخوا ۔
No comments:
Post a Comment