Friday, 11 September 2020

ہیغام مولانا محمد حنیف جالندھری دامت برکاتہم برائے شرکاء عظمت صحابہ مارچ کراچی

 قائد مدارس دینیہ,ترجمان اہل حق مولانا محمد حنیف جالندھری جنرل سیکرٹری وفاق المدارس العربیہ پاکستان کا عظمت صحابہ مارچ کراچی کے شرکاء کے نام پیغام

نحمده ونصلى على رسوله الكريم اما بعد 

بسم لله الرحمن الرحيم 

حضرات علماء کرام!

زعمائے ملت !

اور میرے غیور مسلمان بھائیو!

آپ حضرات نے جس ایمانی غیرت,بیداری اور اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور آج اتنی بڑی تعداد میں یہاں جمع ہوئے اس پر میں آپ سب حضرات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں 

میری دلی خواہش تھی کہ میں بھی آج کے اس اجتماع میں شامل ہوتا....آپ کے ساتھ کھڑے ہوکر اپنی نجات کا سامان کرتا لیکن بدقسمتی سے بعض اعذار کی وجہ سے اگرچہ حاضر نہیں ہوپایا لیکن جذبات و احساسات اور دلی طور پر آپ کے ساتھ ہوں اور اللہ رب العزت سے دعا گو ہوں کہ قیامت والے دن صحابہ کرام کے غلاموں اور دین کے سپاہیوں کے ساتھ ہمارا حشر فرمائیں 

آمین 

اس تاریخ ساز مارچ کا اہتمام کرنے والے قائدین اور اس میں شریک ہونے والے مسلمانوں نے آج دنیا کو بتا دیا ہے کہ کلمہ طیبہ کے نام اور اسلام کے نعرے  پر حاصل کیے گئے اس ملک میں حضرات صحابہ کرام کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں-

یاد رکھیے !حضرات صحابہ کرام ہمارے دین کی اساس اور بنیاد اور ہمارے ایمان اور عقیدے کا حصہ ہیں....صحابہ کرام ہمارے دین کے سب سے پہلے گواہ ہیں....صحابہ کرام ہمارے اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے درمیان واسطہ ہیں....اگر صحابہ کرام کو مائنس کر دیا جائے تو دین کی بنیادیں ہل کر رہ جائیں گی....اگر صحابہ کرام پر سے اعتماد مجروح کر دیا جائے تو پورے کے پورے دین کی استنادی حیثیت متاثر ہوجائے گی....اگر صحابہ کرام کی شان میں گستاخی کی روش عام ہوجائے تو یہ قیامت کی علامت ہوگی اس لیے آج کراچی سے خیبر تک پوری قوم اٹھ کھڑی ہوئ ہے اور آج بچے بچے کی زبان پر یہ بات ہے کہ اس پاک وطن میں گستاخی کی کوئ گنجائش نہیں...آج ہم نے....ہماری حکومت نے....ہماری ریاست نے....ہماری قومی سلامتی کے اداروں نے یہ طے کرنا ہوگا کہ ہم اپنے وطن کو شام,عراق اور یمن نہیں بننے دیں گے.....ہم دوبارہ اسی(80) کی دہائ والا ماحول پیدا نہیں ہونے دیں گے....ہم نے مذہبی ہم آہنگی اور مسلکی رواداری اور برداشت کے لیے بہت جدوجہد کی....بہت طویل سفر کیا....اب ہم بیرونی ایماء پر کسی کو اس ماحول کو برباد کرنے کی قطعا اجازت نہیں دیں گے....ہم ریاستی اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ اب وقت آ گیا ہے قومی اسمبلی اور صوبائ اسمبلیوں میں  باقاعدہ قانون سازی کی جائے اور ہمیشہ ہمیشہ کے لیے گستاخی کا راستہ بند کر دیاجائے....اس سال جہاں جہاں گستاخی کا ارتکاب کیا گیا....جن جن لوگوں نے اسلامیان پاکستان کے دلوں کو زخمی کیا....جن جن لوگوں نے پاک وطن کے امن و امان کو کو آگ لگانے کی کوشش کی ان کو نشان عبرت بنا دیا جائے تاکہ دوبارہ کسی کو ایسا کرنے کی جرات نہ ہو 

میں آج کے اجتماع کے شرکاء سے کہوں گا....جاگتے رہنا....کھڑے رہنا....پہرہ دیتے رہنا....اپنے ایمان کے تقاضوں پر....اپنے وطن کی سلامتی پر کوئ کمپرومائز نہ کرنا....کسی قسم کی کم ہمتی نہ دکھانا....یاد رکھیے !اللہ رب العزت کا وعدہ ہے وانتم الاعلون ان کنتم مومنین....اللہ آپ کا حامی وناصر ہو

آمین

11ستمبر2020ء بروز جمعہ المبارک

No comments:

Post a Comment