Thursday, 17 September 2020

پریس ریلیز بابت عظمت صحابہ مارچ 24 ستمبر 2020

 حکومتی سرپرستی میں ملک بھر میں صحابہ کرام کی گستاخیاں کی گئیں ثابت ہوگیا کہ اسلام آباد میں بین شدہ شخص کو بلوا کر گستاخی کروائی گئی ہماری جنگ کسی فرقہ کے خلاف نہیں بلکہ گستاخوں کے خلاف ہے امن کے لیے بڑی سے بڑی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں لیکن ایمان دینے کو تیار نہیں۔صحابہ اور اہل بیت ہمارا ایمان ہیں 24 ستمبر گھنہ گھر سے چوک کہچری تک لاکھوں کا اجتماع ہوگا گستاخیوں کی روک تھام، ناموس صحابہ و اہلبیت کی مؤثر قانون سازی کے لیے 24 ستمبر کو لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ناموس صحابہ مارچ سے مفتی منیب الرحمن مولانا محمد حنیف جالندھری ،پروفیسر ساجد میر  اور دیگر قائدین خطاب کریں گے پورے جنوبی پنجاب سے سینکڑوں قافلے وحدت کا نمونہ پیش کریں گے ان خیالات کا اظہار اہلسنت اتحاد فورم کے زیر انتظام دفتر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت ملتان میں علماء ومشائخ کنونشن سے اتحاد کے سرپرست اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ مولانا قاری محمد حنیف جالندھری نے خطاب کرتے ہوئے کیا کنونشن میں ہزاروں علماء ومشائخ مساجد کے آئمہ اور دینی مدارس کے ذمہ داران نے شرکت کی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ وقت آگیا ہے مقدس شخصیات کی حرمت کویقینی بنایا جائے حکومتی ذمہ داران گستاخیوں میں ملوث ہیں انہیں فورآ ہٹا کر سزائیں دی جائیں کنونشن میں ہزاروں علماء نے عہد کیا کہ مطالبات پورے ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اتحاد کے ڈپٹی کنوینئر علامہ خالد محمود نے کہا کہ اہلحدیث مکتب فکر کے قافلے عام خاص باغ سے شرکت کریں گے اتحاد کے رابطہ سیکرٹری مولانا زبیر احمد صدیقی نے کہا پوری قوم ملک بھر میں ناموسِ صحابہ کے لیے سڑکوں پر ہے ملتان میں ناموسِ صحابہ مارچ پورے ملک کا ریکارڈ توڑے گی سید کفیل شاہ بخاری نے کہا کہ ملتان مارچ حکومتی ایوانوں میں کھبلی مچا دے گا کنونشن سے مولانا ارشاد احمد مولانا ظفر احمد قاسم مولانا محمد عمر قریشی مولانا عبد المجید مولانا حبیب الرحمن قاری محمد ادریس علامہ عبد الحق مجاہد مولانا عبد الخالق رحمانی مولانا ایازالحق قاسمی مولانا محمد وقاص مولانا محمد وسیم مفتی خالد محمود مولانا محمد زکریا شاہ مفتی ممتاز احمد قاری جمیل الرحمن بہلوی مفتی مطیع الرحمن کے علاوہ علماء نے خطاب کیے

Friday, 11 September 2020

ہیغام مولانا محمد حنیف جالندھری دامت برکاتہم برائے شرکاء عظمت صحابہ مارچ کراچی

 قائد مدارس دینیہ,ترجمان اہل حق مولانا محمد حنیف جالندھری جنرل سیکرٹری وفاق المدارس العربیہ پاکستان کا عظمت صحابہ مارچ کراچی کے شرکاء کے نام پیغام

نحمده ونصلى على رسوله الكريم اما بعد 

بسم لله الرحمن الرحيم 

حضرات علماء کرام!

زعمائے ملت !

اور میرے غیور مسلمان بھائیو!

آپ حضرات نے جس ایمانی غیرت,بیداری اور اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور آج اتنی بڑی تعداد میں یہاں جمع ہوئے اس پر میں آپ سب حضرات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں 

میری دلی خواہش تھی کہ میں بھی آج کے اس اجتماع میں شامل ہوتا....آپ کے ساتھ کھڑے ہوکر اپنی نجات کا سامان کرتا لیکن بدقسمتی سے بعض اعذار کی وجہ سے اگرچہ حاضر نہیں ہوپایا لیکن جذبات و احساسات اور دلی طور پر آپ کے ساتھ ہوں اور اللہ رب العزت سے دعا گو ہوں کہ قیامت والے دن صحابہ کرام کے غلاموں اور دین کے سپاہیوں کے ساتھ ہمارا حشر فرمائیں 

آمین 

اس تاریخ ساز مارچ کا اہتمام کرنے والے قائدین اور اس میں شریک ہونے والے مسلمانوں نے آج دنیا کو بتا دیا ہے کہ کلمہ طیبہ کے نام اور اسلام کے نعرے  پر حاصل کیے گئے اس ملک میں حضرات صحابہ کرام کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں-

یاد رکھیے !حضرات صحابہ کرام ہمارے دین کی اساس اور بنیاد اور ہمارے ایمان اور عقیدے کا حصہ ہیں....صحابہ کرام ہمارے دین کے سب سے پہلے گواہ ہیں....صحابہ کرام ہمارے اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے درمیان واسطہ ہیں....اگر صحابہ کرام کو مائنس کر دیا جائے تو دین کی بنیادیں ہل کر رہ جائیں گی....اگر صحابہ کرام پر سے اعتماد مجروح کر دیا جائے تو پورے کے پورے دین کی استنادی حیثیت متاثر ہوجائے گی....اگر صحابہ کرام کی شان میں گستاخی کی روش عام ہوجائے تو یہ قیامت کی علامت ہوگی اس لیے آج کراچی سے خیبر تک پوری قوم اٹھ کھڑی ہوئ ہے اور آج بچے بچے کی زبان پر یہ بات ہے کہ اس پاک وطن میں گستاخی کی کوئ گنجائش نہیں...آج ہم نے....ہماری حکومت نے....ہماری ریاست نے....ہماری قومی سلامتی کے اداروں نے یہ طے کرنا ہوگا کہ ہم اپنے وطن کو شام,عراق اور یمن نہیں بننے دیں گے.....ہم دوبارہ اسی(80) کی دہائ والا ماحول پیدا نہیں ہونے دیں گے....ہم نے مذہبی ہم آہنگی اور مسلکی رواداری اور برداشت کے لیے بہت جدوجہد کی....بہت طویل سفر کیا....اب ہم بیرونی ایماء پر کسی کو اس ماحول کو برباد کرنے کی قطعا اجازت نہیں دیں گے....ہم ریاستی اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ اب وقت آ گیا ہے قومی اسمبلی اور صوبائ اسمبلیوں میں  باقاعدہ قانون سازی کی جائے اور ہمیشہ ہمیشہ کے لیے گستاخی کا راستہ بند کر دیاجائے....اس سال جہاں جہاں گستاخی کا ارتکاب کیا گیا....جن جن لوگوں نے اسلامیان پاکستان کے دلوں کو زخمی کیا....جن جن لوگوں نے پاک وطن کے امن و امان کو کو آگ لگانے کی کوشش کی ان کو نشان عبرت بنا دیا جائے تاکہ دوبارہ کسی کو ایسا کرنے کی جرات نہ ہو 

میں آج کے اجتماع کے شرکاء سے کہوں گا....جاگتے رہنا....کھڑے رہنا....پہرہ دیتے رہنا....اپنے ایمان کے تقاضوں پر....اپنے وطن کی سلامتی پر کوئ کمپرومائز نہ کرنا....کسی قسم کی کم ہمتی نہ دکھانا....یاد رکھیے !اللہ رب العزت کا وعدہ ہے وانتم الاعلون ان کنتم مومنین....اللہ آپ کا حامی وناصر ہو

آمین

11ستمبر2020ء بروز جمعہ المبارک

جامعہ خیرالمدارس ملتان کی خدمات کے 92 برس مکمل

شعبہ نشر و اشاعت جامعہ خیر المدارس ملتان

ملتان(11ستمبر2020ء)جامعہ خیر المدارس کی دینی,علمی اور ملی خدمات کے 92 برس مکمل,لاکھوں علماء,طلبہ,حفاظ اور عوام الناس نے استفادہ کیا,گزشتہ برس 5000 طلبہ و طالبات جامعہ میں زیر تعلیم رہے,وفاق المدارس اور ملتان بورڈ میں جامعہ خیر المدارس کے طلبہ متعدد پوزیشنیں اور امتیازی نمبر حاصل کرنے میں کامیاب,نئے تعلیمی سال کے دوران عصری تقاضوں سے ہم آہنگ نظام تعلیم کا شعبہ قائم کرنے کی منظوری دی گئ,اساتذہ کرام کی تربیت کا جدید نظام بھی متعارف کروایا جائے گا,جامعہ خیر المدارس کی مجلس شوری کے سالانہ اجلاس میں اہم فیصلے تفصیلات کے مطابق جامعہ خیر المدارس ملتان کے93 ویں تعلیمی سال کے سلسلے میں تعلیمی‘ انتظامی اور مالیاتی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے جامعہ خیر المدارس کی مجلس شوریٰ کا اجلاس جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم مولانا فضل الرحیم کی صدارت میں ہوا۔ جامعہ میں ہونے والے اجلاس میں جامعہ کے مہتمم مولانا محمد حنیف جالندھری‘ ممبران شوریٰ پیر ناصر الدین خاکوانی‘ خواجہ خلیل احمد کندیاں شریف‘ مفتی عبدالقدوس ترمذی‘ مولانا قاری محمد یٰسین‘ مولانا قاری محمد طیب حنفی‘ قاری احمد میاں تھانوی‘حاجی عبدالوحید اور حافظ شفیق الرحمن ریواڑی نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال جامعہ میں5000طلباءو طالبات زیر تعلیم رہے۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان اور ملتان بورڈ میں امتحان شرکت کرنے والے طلباءو طالبات نے اعلیٰ نمبروں میں کامیابی حاصل کی اور پوزیشن بھی لیں۔ اراکین مجلس شوریٰ نے جامعہ کی تعلیمی کارکردگی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ جامعہ خیر المدارس کے تعلیم یافتہ علماءکرام کو معاشرے میں نمایاں اور مثبت کردار کا حامل ہونا چاہئے۔ اس مقصد کیلئے جامعہ اپنے فاضل علماءکرام کیلئے عصری تعلیم اور تربیت کا ایک نیا شعبہ قائم کرے جس کے ذریعے ملک کے مختلف شعبہ ہائے زندگی کیلئے افراد تیار کئے جا سکیں اور نئے اساتذہ کیلئے تربیتی کورسز کا بھی انتظام کیا جانا چاہئے۔ جامعہ کے مہتمم و شیخ الحدیث مولانا محمد حنیف جالندھری نے ان شعبوں کی افادیت کے پیش نظر ان کے آغاز کا عزم کرتے ہوئے دیگر مدارس کے حضرات سے بھی ایسے شعبہ قائم کرنے کی درخواست کی۔ مولانا محمد حنیف جالندھری نے حکومت کے ساتھ یکساں نصاب تعلیم کے سلسلے میں ہونے والے مذاکرات کی تفصیل سے بھی اراکین مجلس شوریٰ کو آگاہ کیا۔ مولانا حنیف جالندھری اور اراکین مجلس شوریٰ نے کہا کہ برائیوں سے پاک پر امن معاشرے کے قیام کیلئے اسلامی تعلیمات کا فروغ بہت ضروری ہے اور اسلامی جمہوریہ پاکستان میں اسلامی نظام کے قیام کیلئے دینی مدارس کے کردار اور اہمیت پر روشنی ڈالی اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ملک میں چند فتنہ پرور افراد حضرات صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کی توہین کرکے فرقہ واریت کو ہوا دینے انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حکومت سے مطالبہ کیا گیا ایسے افراد کے خلاف مقدمات قائم کرتے ان کو سزا دی جائے تاکہ ملک کسی بھی قسم کی بد امنی سے محفوظ رہے۔ اجلاس میں جامعہ کے جاری سال کے بجٹ کی منظوری دی گئی اور ملک قوم اور ملت اسلامیہ کیلئے دعاکے ساتھ اجلاس اختتام پذیرہوا۔

Wednesday, 9 September 2020

پاکستان مخالف رپورٹ کے خلاف قرارداد کی منظوری پر خراج تحسین

اسلام آباد(9ستمبر2020ء)اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی اور جنرل سیکرٹری وفاق المدارس  العربیہ پاکستان مولانا محمد حنیف جالندھری کے مابین ٹیلی فونک رابطہ,مولانا جالندھری نے کے پی کے کے بعد پنجاب اسمبلی سے پاکستان کی سالمیت کے ایشو پر قرار داد منظور کروانے پر خراج تحسین پیش کیا,دونوں رہنماوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ صرف قراردادوں پر اکتفاء نہیں کیا جا سکتا وزارت خارجہ باضابطہ احتجاج ریکارڈ کروائے,قادیانیوں کے بارے میں رپورٹ یکطرفہ ، پاکستان کی سالمیت اور انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے ,رپورٹ کی تیاری میں برطانوی حکومت اور اراکین اسمبلی کو اندھیرے میں رکھ کر کچھ عناصر نے برطانیہ اور برطانوی پارلیمنٹ کی ساکھ خراب کرنے کی ناکام  کوشش کی ہے-انہوں نے کہا کہ پاکستان کا موقف سنے بغیر رپورٹ جاری کر  دی گئی –حکومت برطانیہ کو بھی چاہئے کہ وہ اس کا نوٹس لے  تفصیلات کے مطابق وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی کے مابین ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے-مولانا محمد حنیف جالندھری نے قادیانی لابی کی طرف سے برطانوی پارلیمنٹ کے چند اراکین کی طرف سے پاکستان مخالف رپورٹ کے حوالے سے قرارداد پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا-مولانا جالندھری نے کہا خیبر پختونخواہ اسمبلی کے بعد پنجاب اسمبلی سے ق لیگ کی طرف سے جو قرار داد منظور کی گئ وہ پوری قوم کی آواز ہے-اس موقع پر دونوں رہنماوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ صرف قراردادیں کافی نہیں بلکہ وزارت خارجہ کو اس حوالے سے بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے اور ہر فورم پر سرکاری طور پر احتجاج ریکارڈ کروانا چاہیے-دونوں رہنماؤں نے کہا کہ برطانوی حکومت اور برطانوی پارلیمنٹ کو اندھیرے میں رکھ کر کچھ عناصر نے برطانیہ اور برطانوی پارلیمنٹ کی ساکھ خراب کرنےکی ناکام  کوشش کی ہے-انہوں نے کہا پاکستان کا موقف سنے بغیر پاکستان کے خلاف الزامات پر مبنی رپورٹ جاری کر دی گئی ،  حکومت پاکستان کی خاموشی سوالیہ نشان ہے ، حکومت کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہئے -چودھری پرویزالہی اور مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہا قومی اسمبلی اور سندھ و بلوچستان اسمبلی کو بھی اس حوالے سے قراردادیں منظور کرنی چاہیں

Thursday, 3 September 2020

4 ستمبر 2020 یوم مدح صحابہ

پریس ریلیز 
 مرکزی دفتر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت حضوری باغ روڈ ملتان

ملتان (03/09/2020)
٭....اہل سنت کے تمام مکاتب فکر,نمائندہ تنظیمات,مرکزی جامعات اور اہم شخصیات کے نمائندہ اجلاس کے اعلامیہ میں 4ستمبر بروز جمعہ کو یوم مدح صحابہ کے طور پر منانے کا اعلان کر دیا گیا۔
٭.... متحدہ نمائندہ اجلاس میں صحابہ کرام کی شان میں گستاخی کرنے والے عناصر کو فوری گرفتار کرکے نشان عبرت بنانے اورجن جلوسوں اور مجالس میں گستاخی کا ارتکاب ہوا ان کے روٹ اور پرمٹ منسوخ کرنے کا مطالبہ۔
٭....اجلاس میں تحفظ بنیاد اسلام بل پر گورنر پنجاب کے فوری دستخط ، قومی اسمبلی اور تمام ٰصوبائی اسمبلیوں سے منظور کروا کر اس پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
٭.... تمام مکاتب فکر کے رہنما ¶ں نے حکومت کو فرقہ واریت کو ہوا دینے اور گستاخی کے بڑھتے ہوئے واقعات کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے حکومتی صفوں میں موجود ایسے عناصر کی نشاندہی اور انہیں عہدوں سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا جو شرپسند عناصر کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔
٭....علماءکرام نے ریاستی اداروں سے قومی سلامتی اور ملی وحدت کو بچانے کے لیے کردار ادا کرنے کی دعوت دی۔
 اہلسنت کے تمام مکاتب فکر,نمائندہ جماعتوں,سرکردہ شخصیات اور مرکزی جامعات کے ذمہ داران کا ایک اہم اجلاس عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی دفتر ملتان حضوری باغ روڈ ملتان میںمنعقد ہوا جس کی صدارت مولانا محمد حنیف جالندھری ناظم اعلیٰ وفاق المدارس العربیہ پاکستان و مہتمم جامعہ خیر المدارس نے فرمائی۔ 
شرکاءاجلاس نے حکومت وقت سے پرزور مطالبہ کیاہے کہ صحابہ کرام اور اہل بیت رضوان اﷲ تعالیٰ علیہم اجمعین کی گستاخی کی سزاکو مزید سخت کیا جائے اور پہلے سے موجود قوانین میں ترمیم کی جائے،اجلاس کے دوران ملکی سطح پر مقدس شخصیات کی عزت و ناموس کے تحفظ اور گستاخانہ واقعات کی روک تھام کے لیے منظم اور متحد ہوکر جدوجہد کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے ممتاز علماءکرام، اہل سنت کی جماعتوں کی اور تنظیموں کے قائدین، تاجر اور وکلاءرہنماﺅں نے شرکت کی۔ جن میں جماعت اہل سنت پنجاب کے ناظم اعلیٰ علامہ فاروق خان سعیدی، مولانا اﷲ وسایا عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت، مولانا زبیر احمد صدیقی معاون ناظم وفاق المدارس العربیہ جنوبی پنجاب، مولانا کفیل شاہ بخاری مجلس احرار اسلام،مولانا کریم بخش جامعہ عمر بن خطاب، محمد ایوب مغل جمعیت علماءپاکستان، علامہ خالد محمود جمعیت اہل حدیث، علامہ عبدالحق مجاہدپاکستان علماءکونسل، مولانا محمد نواز جامعہ قادریہ حنفیہ،مفتی محمد احمد انور مانکوٹ،محمد زکریا خان جمعیت طلباءاسلام ملتان،مولانا عامر محمود جامعہ قاسم العلوم ملتان، میاں آصف محمود اخوانی جماعت اسلامی، مفتی حامد حسن دارالعلوم عیدگاہ کبیروالا، قاری محبوب الرحمن جالندھری، جمعیت اہل حدیث کے رہنما مولانا عنایت اﷲ رحمانی، شیخ محمد عمر انجمن تاجران، مولانا ایاز الحق قاسمی جمعیت علماءاسلام، مولانا سلطان محمود ضیائ،مولانا عبد المجید تونسوی ، مولانا محمد میاں ، مولانا محمد حمزہ ، علامہ عبد الحق مجاہد ، مفتی محمد طیب معاویہ، کاشف بوسن ایڈووکیٹ جنرل سیکرٹری متحدہ مسلم موومنٹ،سلطان محمود ملک صدر قومی تاجر اتحاد،انجینئر ملک منیر احمد قومی تاجر اتحادشامل تھے۔ 
اجلاس کے دوران کراچی,اسلام آباد اور ملک کے دیگر شہروں میں حضرات صحابہ کرام کی گستاخی کے واقعات اور ان کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا گیا -اجلاس کے شرکاءمیں سخت غم و غصہ پایا جاتا تھا,اجلاس میں شامل اکابر علماءکرام نے شرکاءاجلاس سے کہا کہ اس وقت جوش سے زیادہ ہوش اور حکمت سے کام لینے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ دشمن وطن عزیز کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتا ہے لیکن ہم نے متحد ہوکر دشمن کی اس چال کو ناکام بنانا ہے-اجلاس کے شرکاءنے کہا کہ یہ محض مذہبی اور گستاخی کا معاملہ نہیں بلکہ قومی سلامتی کا مسئلہ ہے اس لیے ریاستی ادارے اس پر خصوصی توجہ دیں اجلاس کے شرکاءنے حکومت کو ان تمام واقعات کا ذمہ دار قرار دیا اور سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی شان میں گستاخی کے مرتکب شخص کے بیرون ملک فرار اور شرپسند عناصر کے خلاف کسی قسم کی کاروائی نہ ہونے کو حکومتی صفوں میں موجود ان عناصر کی کارستانی قرار دیا جو ان شرپسند عناصر کی پشت پناہی کر رہے ہیں-اجلاس کے شرکاءنے حکومتی صفوں میں موجود ایسے عناصر کی نشاندہی اور انہیں عہدوں سے برطرف کرنے کا مطالبہ بھی کیا اس موقع پر ایک آٹھ نکاتی اعلامیہ بھی جاری کیا گیا جس کی روشنی میں مقدس ہستیوں کی عزت و ناموس کی جدوجہد کو آگے بڑھایا جائے گا اور ان مطالبات کو پیش نظر رکھا جائے گا-اجلاس کے بعد قائدین نے پریس کانفرنس کے دوران اس 8 نکاتی اعلامیہ کا اعلان کیا جو درج ذیل ہے
1. حضرات انبیاءعلیھم السلام، صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین اہل بیت اطہار کی حرمت و ناموس کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
2. مقدس شخصیات کی توہین کی سزا ترمیم کر کے سخت کی جائے نیز توہین رسالت، صحابہ واہل بیت پر دہشت گردی کے دفعات شامل کیے جائیں۔
3. گستاخی کے مرتکب ملزموں کو فوراً گرفتار کرکے قرار واقعی سزادی جائے۔
4. فرقہ واریت کے اسباب پر غور وخوض کر کے ان اسباب کا سدباب کیا جائے اور فرقہ پرستوں کے خلاف غیر جانبدارانہ کارروئیاں کی جائیں۔
5. جن جلوسوں اور مجلسوں میں توہین کی گئی، ان کے پرمٹ منسوخ کیے جائیں اور انتظامیہ پر بھی ایف آئی آر درج کی جائے۔
6. تحفظ بنیاد اسلام بل پر فوری دستخط کیے جائیں نیز اس بل کو پورے ملک کی اسمبلیوں میں منظور کیا جائے۔
7. مورخہ4ستمبر2020ءبروز جمعة المبارک ملک بھر میں عظمت صحابہؓ واہل بیت کے عنوان سے منایا جائے۔
8. مذکورہ بالا مقاصد کے حصول کے لیے انفرادی طور پر کام کرنے والوں کو اجتماعی نظم میں جوڑنے کے لیے ملکی سطح پرکوششیں کی جائیں۔

اس موقع پر اہل سنت و الجماعت کے تمام مکاتب فکر پرمشتمل " اہل سنت اتحاد فورم " کا اعلان کیا گیا ۔ اتحاد کے سرپرست مولانا محمد حنیف جالندھری ، کنوینیئر علامہ فاروق خان سعیدی جبکہ ڈپٹی کنوینیئر علامہ خالد محمود ندیم اور رابطہ سیکرٹری مولانا زبیر احمد صدیقی ہوں گے ۔

Saturday, 8 August 2020

مسجد وزیر خان کی بے حرمتی اللہ کے غضب کو دعوت دیناہے

سلام آباد(8اگست2020ء) جنرل سیکرٹری وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا محمد حنیف جالندھری نے مسجد وزیر خان کی بے حرمتی کو اللہ رب العزت کے غیظ و غضب کو دعوت دینے کے مترادف قرار دیا,انہوں نے کہا کہ شعائر اسلام کی بے حرمتی کسی طور قابل قبول نہیں,
مولانا جالندھری نے کہا کہ ستم بالائے ستم یہ کہ یہ سب سرکاری اجازت سے ہوا,مولاناجالندھری نے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ میں ملوث تمام عناصر کو عبرت ناک سزا دی جائے,مولانا جالندھری نے پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کو حدود و قیود کا پابند کرنے کی ضرورت پر زور دیا,انہوں نے کہا کہ ڈراموں,فلموں اور انٹرٹینمینٹ کے نام سے ہماری نسل نو اور ہماری تہذیب و ثقافت کے ساتھ جو کھلواڑ ہو رہا ہے اسے فی الفور نہ روکا گیا تو اس کے بھیانک اثرات سے واسطہ پڑے گا,دینی رہنما اور ملی و مذہبی جماعتیں اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تفصیلات کے مطابق وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری نے مسجد وزیر خان کا تقدس پامال کرنے کی اطلاعات پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے اسے اللہ رب العزت کے غیظ و غضب کو دعوت دینے کے مترادف قرار دیا انہوں نے کہا کہ مسجد کی بے حرمتی کرنے والے عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے-انہوں نے کہا کہ ستم بالائے ستم یہ کہ یہ سب باضابطہ سرکاری اجازت سے ہوا-انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے میں جو جو عناصر,مسجد انتظامیہ یا حکومتی ذمہ داران ملوث ہیں سب کے خلاف فوری اور موثر کاروائ کی جائے اور انہیں عبرتناک سزادی جائے-مولانا جالندھری نے کہا کہ شعائر اسلام کی بے حرمتی کسی طرح قابل قبول نہیں-انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک واقعہ نہیں بلکہ اس موقع پر ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام دینی رہنماء اور ملی و سیاسی اور مذہبی جماعتیں ایک منظم اور ملک گیر تحریک چلا کر ڈرامہ اورفلم انڈسٹری کو حدود و قیود کا پابند بنوائیں-مولانا جالندھری نے کہا کہ انٹرٹینمنٹ کے نام پر ہماری نئ نسل کے ساتھ جو ہورہا ہے اور ہماری تہذیب و ثقافت کو جس طرح سے ہدف بنایا جا رہا ہے اس پر قومی سطح پر بیداری اور شعور اجاگرکرنے کی ضرورت ہے#
(جاری کردہ:عبدالقدوس محمدی مرکزی میڈیا سنٹر وفاق المدارس العربیہ پاکستان)

Sunday, 26 July 2020

تحفظ بنیاد اسلام بل ۔ ایک اہم سنگ میل

میڈیا سنٹر وفاق المدارس العربیہ پاکستان
اسلام آباد(26جولائ2020ء)وفاق المدارس کے سینئر نائب صدر مولانا انوار الحق اور ناظم اعلی مولانا محمد حنیف جالندھری  نے حضرات خلفائے راشدین,امہات المومنین,
صحابہ کرام,اہل بیت اطہار کی عزت و ناموس کے تحفظ کو قانونی طور پر یقینی بنانے اور ان کی توہین و تنقیص کا راستہ روکنے کے لیےپنجاب اسمبلی سے منظور ہونے والے تحفظ بنیاد اسلام بل کواہم سنگ میل قرار دیا,انہوں نے کہا کہ یہ بل ملک میں امن و امان کے قیام,توہین وتکفیر کا راستہ روکنے کا ذریعہ بنے گا,مولانا انوار الحق اور مولانا جالندھری نےکہا ہے کہ جیسے عالمی سطح پر توہین رسالت  کو دنیا کے امن و امان کو سبوتاژ کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اسی طرح بدقسمتی سے ہمارے ہاں مقدس شخصیات کی توہین بہت سے مسائل کی جڑ ہے اور اس مسئلے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی ضرورت ہے,انہوں نےتاریخ کا قرض چکانے پر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار,اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی,تمام پارلیمانی پارٹیوں کے رہنماؤں اور پنجاب اسمبلی کے تمام ممبران کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں تفصیلات کے مطابق وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سینئر نائب صدر مولانا انوار الحق اور ناظم اعلی مولانا محمد حنیف جالندھری نے حضرات خلفاء راشدین,امہات المومنین,صحابہ کرام اور اہل بیت اطہار رضوان اللہ علیہم اجمعین کی عزت و ناموس کے تحفظ کو قانونی طور پر یقینی بنانے اور ان کی توہین و تنقیص کا راستہ روکنے کے لیےپنجاب اسمبلی سے پاس کیے جانے والے تحفظ بنیاد اسلام بل کو اہم سنگ میل  قرار دیا اور کہا کہ وطن عزیز میں مقدس شخصیات کی توہین و تنقیص کا ہر دروازہ بہت پہلے بند کر دیا جانا چاہیے تھا تاہم دیر آید درست آید کے مصداق اگر اب بھی یہ اہم کام سرانجام دینے کی طرف پیش رفت کی گئ ہے تو یہ بہت خوش آئند ہے-وفاق المدارس کے قائدین نے کہا کہ اس بل کے ذریعے توہین و تکفیر کا راستہ روکنے اور مذہب کے نام پر قتل و غارت گری کا سلسلہ ختم کرنے میں مدد ملے گی-وفاق المدارس کے رہنماوں نے کہا ہے کہ جس طرح کچھ لادین اور سیکولر عناصر عالمی سطح پر توہین رسالت کے ذریعے دنیا کا امن تہہ و بالا کرنے کی کوشش کرتے ہیں اسی طرح کچھ عناصر توہین آمیز تقریروں,گستاخانہ لٹریچر اور شرانگیزی پر مبنی مواد کے ذریعے پاکستان کے امن و امان اور سالمیت کو داو پر لگادیتے ہیں ایسے عناصر کا ہر قیمت پر احتساب ہونا چاہیے-مولانا انوار الحق اور مولانا محمد حنیف جالندھری نے تحفظ بنیاد اسلام بل کی منظوری پر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار,اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی,تمام پارلیمانی پارٹیوں کے رہنماؤں اور پنجاب اسمبلی کے تمام ممبران کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے تاریخ کا قرض چکایا ہے-

Thursday, 23 July 2020

قربانی کی کھالیں ۔ تجدید این اوسی کی پابندی ختم

میڈیا سنٹر وفاق المدارس العربیہ پاکستان
اسلام آباد(23جولائ2020ء)جنرل سیکرٹری وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری کی کوششیں رنگ لے آئیں,سندھ کے بعد پنجاب حکومت نے بھی مدارس کا گزشتہ سال والا این او سی اس سال کے لیے بھی ویلڈ قرار دیا,گزشتہ سال جن مدارس نے قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے لیے این او سی لیا انہیں نیا این او سی لینے کی ضرورت نہیں ہوگی,نئے مدارس این او سی کے حصول کے لیے درخواستیں دے سکتے ہیں,مدارس بلاروک ٹوک کھالیں جمع کر سکیں گے,مدارس کے منتظمین کی طرف سے قائدین وفاق المدارس خصوصا مولانا محمد حنیف جالندھری کو خراج تحسین وفاق المدارس کے مرکزی میڈیا سنٹر سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری کی کوششیں رنگ لے آئیں اور سندھ کے بعد پنجاب حکومت نے بھی مدارس کے کھالیں جمع کرنے کے لیے گزشتہ سال والا این او سی ہی اس سال کے لیے قابل قبول قرار دیا-اب مدارس کو نیا این او سی لینے کی ضرورت نہیں ہوگی اس سلسلے میں مولانا محمد حنیف جالندھری پنجاب حکومت کے ذمہ داران سے کئ ملاقاتیں کرنے کے بعد باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کروانے میں کامیاب ہوگئے ہیں-نوٹیفکیشن کے مطابق مدارس کو نیا این او سی لینے کی ضرورت نہیں ہوگی تاہم جو نئے مدارس این او سی لینا چاہیں گے وہ درخواست دے سکتے ہیں-دینی مدارس کو ملنے والے اس ریلیف پر مدارس میں اطمینان اور خوشی کی لہر دوڑ گئ اور مدارس کے منتظمین نے وفاق المدارس کے قائدین بالخصوص مولانا محمد حنیف جالندھری کا شکریہ ادا کیا#

(جاری کردہ:عبدالقدوس محمدی مرکزی میڈیا سنٹر وفاق المدارس العربیہ پاکستان)

Sunday, 19 July 2020

مارکنت پرچہ جات وفاق المدارسو العربیہ 2020

 (ملتان )وفاق  المدارس العربیہ پاکستان کے ملتوی شدہ امتحانات کا دوسرا مرحلہ ( مارکنگ ) شروع۔
افتتاحی اجلاس وتقریب  سے ناظم اعلی وفاق المدارس العربیہ پاکستان حضرت مولانا قاری محمد حنیف جالندھری صاحب (مدظلہ العالی) کا خطاب۔  
تفصیلات کے مطابق دینی مدارس کے سب سے بڑے امتحانی بورڈ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ملتوی 
شدہ امتحانات کے گزشتہ ہفتے پرامن اور شاندار طریقے سے انعقاد کے بعد حسب روایت جامعہ خیر المدارس ملتان اور جامعہ قاسم العلوم ملتان میں مارکنگ کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ اسی سلسلے میں امتحانی کمیٹی اور ممتحنین اعلی کا پہلاافتتاحی مشترکہ  اجلاس ناظم اعلی وفاق المدارس العربیہ پاکستان حضرت مولانا قاری محمد حنیف جالندھری صاحب مدظلہ العالی کی صدارت میں جامعہ خیرالمدارس ملتان میں  بعد از نماز مغرب منعقد ہوا۔آپ نےکلمات تشکر کے بعد فرمایاکہ اللہ تعالی کے خصوصی فضل وکرم اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جملہ ذمہ داران کی کوششوں سے بحسن وخوبی اور خیر وعافیت کے ساتھ امتحانات کا انعقاد ہوا ۔جس میں درس نظامی کے  مجموعی اعتبار سے تین لاکھ 16 ہزار 26 طلبہ وطالبات نے شرکت کی۔ جبکہ 78ہزار کامل الحفظ طلبہ وطالبات اس کے علاوہ  ہیں۔  ان معروضی حالات میں اتنے بڑے پیمانے پرملک بھر میں بیک وقت  امتحانات کا انعقاد کئی وجوہ سے مشکل ضرور تھا۔ کیونکہ ہمارے علاوہ پورے ملک میں کسی بھی تعلیمی بورڈز اور عصری تعلیمی اداروں کو یہ حوصلہ نہیں رہاکہ وہ امتحانات کا انعقاد کرسکیں۔ لیکن اللہ تعالی کے خصوصی فضل وکرم ، اکابرین کی دعاوں اور توجہات اور ہمارے جملہ صوبائی ناظمین، اراکین مجلس عاملہ و امتحانی کمیٹی ، مسئولین بالخصوص ناظم دفتر وفاق حضرت مولانا عبدالمجید صاحب اور ان کے جملہ رفقائے کار کی انتھک اور شبانہ روز محنتوں کی وجہ سے ہم نے سخت حالات میں نہ صرف امتحانات کا انعقاد کروایا بلکہ اللہ تعالی نے حالیہ امتحانات کی وجہ سے ہمیں عزت بخشی ۔اندرون ملک وبیرون سے ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادکی طرف سے ہمیں مبارکبادی کے پیغامات موصول ہورہے ہیں ۔ جس پر ہم سب اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں۔اب چونکہ دوسرا اور اہم ترین مرحلہ ( مارکنگ ) شروع ہورہا ہے جس کی کامیابی کا زیادہ تر دارومدار ممتحنین اعلی پر ہے کیونکہ وہ اپنے متعلقہ ممتحنین کے براہ راست نگران ہوتے ہیں۔لہذا مجھے امید ہے کہ امتحانی کمیٹی ، ممتحنین اعلی ، دفتری عملہ اور جامعہ خیرالمدارس کی انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں سے اللہ تعالی ہمیں اس مرحلے میں بھی کامیابی سے  ہمکنار فرمائیں گے ۔
درایں اثنا انہوں نے ممتحنین اعلی کو مارکنگ کے طریقہ کار اور اصول سے مفصل طور پر آگاہ کردیا اور اس حوالے سے خصوصی ہدایات دیں۔
جب کہ مارکنگ کے عمل میں مصروف عمل تمام اساتذہ، دفتری عملہ اور دیگر متعلقین کو کرونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر (ایس اوپیز) پر  مکمل عملدرآمد کے حوالے سے بھی خصوصی تاکید کی۔
جاری کردہ : سراج الحسن میڈیا کوآرڈینیٹر وفاق المدارس صوبہ خیبر پختونخوا ۔

ترجمہ وتفسیر سورہ بقرہ اللہ یستہزئی بہم

tarjama